ابنا: رسول اکرمؐ کی صاحبزادی سیدہ فاطمۃ الزہراؑ کی سیرت طیبہ عالم نسواں کے لیے مشعل راہ ہے۔ آپؑ نے تحریک رسالت میں مثالی کردار ادا کیا، جو کسی بھی دینی تحریک کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے جامعہ نعیمیہ اسلام آباد میں منعقدہ خاتون جنت کانفرنس میں صدارتی خطبہ دیتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے مفتی راغب حسین نعیمی، علامہ امین شہیدی، علامہ ثاقب اکبر، رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نبیرہ نعیمی، مولانا مفتی گلزار احمد نعیمی اور قاری عبید اللہ ستی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر میلاد کمیٹی کے سربراہ سید محمد علی واسطی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نور المصطفٰی نورانی، عالمی ایوارڈ یافتہ قاری علی اکبر نعیمی، مولانا محمد احسان قادر، مولانا مشتاق نعیمی، مولانا محمد نذیز کھوکھر، مولانا سلیم سعیدی، مولانا سید غلام مہر کاظمی اور ڈاکٹر احسان بھی موجود تھے۔
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ کسی بھی دینی تحریک میں خواتین کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ دنیا میں جتنی بھی انقلابی تحریکیں کامیاب ہوئیں، ان میں خواتین کا کردار سرفہرست رہا۔ نبی آخرالزماں نے فرمایا کہ فاطمہ (س) میرا ٹکڑا ہے، جس نے ان سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے ان سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا۔ انھوں نے کہا کہ نبی کریمؐ نے اپنی دختر گرامی کو جنت کی عورتوں کی سردار قرار دیا۔ ان احادیث سے حضرت فاطمۃ الزہراؑ کی عظمت کھل کر سامنے آجاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ مسائل کی وجہ نظام مصطفٰی سے روگردانی ہے۔ اگر ملک کے اندر نظام مصطفٰی نافذ ہوجائے تو تمام مسائل ختم ہوسکتے ہیں اور امت ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں حالیہ دہشت گردی کا دین سے کوئی تعلق نہیں، یہ بیرونی اشاروں پر پاکستان اور اسلام کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔
مفتی ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان نقطۂ وحدت قرآن و اہل بیت ہیں۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ ان دونوں کی قدر کریں۔ انھوں نے کہا کہ رسول کریم ؐ کی حدیث کی روشنی میں اہل بیت ؑ کی محبت ایمان کی علامت جب کہ اہل بیت سے بغض نفاق کی دلیل ہے۔ انھوں نے کہا کہ قرآن فہمی کے لیے ہمیں اہل بیت کے دروازے پر دستک دینی چاہیے۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ دختر رسولؐ سیدہ فاطمۃ الزہراؑ اپنا الگ تشخص اور مقام رکھتی ہیں۔ جس طرح انبیاء نے مردوں کی راہنمائی کی اسی طرح عورتوں کی راہنمائی کے لیے خاتون جنت کا کردار کامل اور بلند ترین ہے۔ علمی و تحقیقی ادارے البصیرہ کے چیئرمین ثاقب اکبر نے کہا کہ رسولؐ اکرم کا یہ فرمان کہ فاطمہ میرا حصہ ہے، اس امر کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ رسولؐ کی محبت خاتون جنت کی محبت کے بغیر کامل نہیں اور آج حضرت فاطمۃ الزہراؑ کے یوم ولادت پر خاتون جنت کانفرنس کا انعقاد اس امر کا اعلان ہے کہ عید میلاد النبی کی تکمیل میلاد فاطمۃ الزہرا منانے سے ہوتی ہے۔
ثاقب اکبر نے خاتون جنت کانفرنس کے موقع پر قرارداد پیش کی کہ 20 جمادی الثانیہ کو حضرت فاطمہ کے یوم ولادت کے موقع پر عالمی سطح پر یوم خواتین منایا جائے۔ تمام حاضرین نے نعروں کی گونج میں اس قرارداد کی تائید کی۔ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ دین دوست قوتوں کا فرض بنتا ہے کہ مسلمانوں کو اہل بیت کے قریب کریں کیونکہ ان کی محبت کے فیوض و برکات ہی سے ہم مسلمانوں کے درمیان اتحاد و وحدت کی فضا برقرار رکھ سکتے ہیں اور پاکستان کو شرپسند قوتوں اور انتہا پسندوں سے نجات دلا کر امن و محبت کا گہوارہ بناسکتے ہیں۔
.......
/169